• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وکلاء کی ہڑتال، قصور واقعہ کےملزموں کی گرفتاری کا مطالبہ

راولپنڈی، اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے، خصوصی رپورٹ، خبر نگار ) قصور میں کم سن بچی زینب کیساتھ پیش آنیوالے واقعہ کے خلاف جمعرات کو ہائی کورٹ بار کی اپیل پر لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں وکلاءنے ہڑتال کی ۔وفاقی دارالحکومت کی ضلعی کچہری میں بھی اسلام آباد بار کی جانب سے قصور سانحہ پر ہڑتال کے باعث وکلاءعدالتوں میں پیش نہیں ہوئے،مقدمات کی سماعت ملتوی کردی گئی۔ہائی کورٹ بار کے صدر ظفر محمود مغل،سید ذوالفقار عباس نقوی،ملک وحید انجم،خرم مسعود کیانی،تنویر اقبال خان،سعید یوسف خان،نورین کوثر مغل اور دیگر وکلاء نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قصور میں ایک سال کے اندر 12کے قریب ایسے واقعات رونما ہونا اور ملزمان کا پولیس گرفت میں نہ آنا سوالات کو جنم دیتا ہے۔ دریں اثناء اسلام آباد بار کے سیکرٹری جنرل چوہدری نصیر نے کہا کہ قصور میں ہونے والے گھناؤنے جرم کی مذمت کرتے ہیں۔ اسلام آباد بار کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ مجرموں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی قصور میں 8 سالہ بچی کے ساتھ درندگی اور قتل کے واقعہ کی شدید مذمت کی اور مجرموں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ واقعہ کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں وکلاء نے ہڑتال کی۔
تازہ ترین