اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور شعور اُجاگر کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے جسے پورا نہیں کیا جا رہا۔ قصور واقعہ پر افسوس اور متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ رول آف لاء کے فقدان‘ پراسکیوشن پیچیدہ اور مبہم ہونے کے باعث بدقسمتی سے انصاف کا نظام فاسد ہو چکا۔ مجرمان کو سزائیں نہ ملنے کے باعث آئے روز ایسے اندوہناک واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ ساجد نقوی نے کہا کہ چیف جسٹس اور آرمی چیف کی جانب سے لیا جانیوالا نوٹس اور جے آئی ٹی احسن اقدامات ہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے درندوں سے معاشرے کو پاک کرنے کیلئے انسانیت کے مجرموں کو سخت ترین سزائیں دیکر کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔