کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے زیر اہتمام قصور میں معصوم بچی زینب امین کے قتل اور قاتل کی عدم گرفتاری کے خلاف جمعہ کو مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سردار خادم حسین وردگ کی قیادت میں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، اس موقع پر مظاہرین نے بینراور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور واقعے کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے، مظاہرین سے سردارخادم حسین وردگ ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات بابر یوسفزئی ، منورہ منیر اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے قصور واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ یہ پنجاب حکومت کی نااہلی ہے پنجاب حکومت معصوم بچوں سے زیادتی کے واقعات روکنے میں ناکام ہوچکی ہے ، یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں بلکہ قصور میں اس سے پہلے بھی اس طرح کے ایک درجن سے زائد واقعات ہو چکے ہیں لیکن کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا ، اس طرح کے واقعات مسلسل پیش آنے کے بعد مسلم لیگ(ن) کو پنجاب کی حکومت چھوڑ دینی چاہئے ، انہوں نے زینب کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے انکے اہل خانہ کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہارکیا اور مطالبہ کیاکہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے سرعام پھانسی دی جائے۔