اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) نوجوانوں میں تاریخی، سیاسی و دینی شعور کی بیداری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ طلبہ ملک کی تعمیرو ترقی کیلئے کلیدی کردار ادا کریں۔ عدل و انصاف کے قیام تک قصور جیسے واقعات رونما ہوتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے 17ویں یوم تاسیس کے موقع پر مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مہمان خصوصی چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز تھے۔ قبلہ ایاز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی سے لیکر قیام پاکستان تک تمام کامیابیاں جمہوری اور آئینی جدوجہد کا ثمر ہے۔ نوجوانوں کو جذباتیت سے نکال کر حقیقت پسندی اور تاریخی‘ سیاسی اور دینی شعور کی طرف لانا ہوگا۔ اس موقع پر خورشید ندیم‘ ملک ریاض بنگش‘ محسن خان‘ صداقت علی عباسی‘ حافظ ملک مظہر جاوید‘ ڈاکٹر محمد عرفان‘ ڈاکٹر طاسین‘ مولانا تنویر علوی‘ عبدالحمید لون‘ مفتی شکیل‘ مولانا سلطان محمود ضیاء اور سردار مظہر کے علاوہ طلباء تنظیموں کے نمائندے شہباز بھٹی‘ راجہ بدر ستی‘ محمد شہیر سیالوی‘ میاں عتیق‘ سید وقار شاہ‘ منیب خٹک‘ عبدالسلام‘ راجہ وسیم اور بلال عباسی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر قصور واقعہ کی مذمت اور شہداء اے پی ایس کو خراج عقیدت بھی پیش کیاگیا۔