قصور(مانیٹرنگ ڈیسک ) سابق نیوز اینکر اور سماجی کارکن ریحام خان نے قصور میں کم سن بچی زینب کے ساتھ زیادتی اور قتل کے افسوس ناک واقعے کی مذمت کرتے ہوئے درخواست کی ہے کہ اس واقعے کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے،ہمیں بار بار اپنے بچوں کی لاشیں اٹھانی پڑ رہی ہیں،شہباز شریف قصور میں سرجیکل سٹرائیک کرکے مجرموں کو گرفتار کریں،قصور میں قتل ہونے والی 7 سالہ زینب کے گھر آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان نے بتایا کہ وہ لندن میں تھیں، جب انہیں زینب کے بہیمانہ قتل کی خبر ملی۔ان کا کہنا تھا،میں لندن میں بیٹھی تھی، جب میں نے یہ خبر سنی، جس کے بعد میں اگلی فلائٹ لے کر کل رات کو پاکستان پہنچی اور سب سے پہلے قصور آئی ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں بیٹھے لوگوں کو یقین نہیں آرہا کہ ہم بچوں کے ساتھ تشدد اور زیادتی کے واقعات کے حوالے سے اتنے سالوں سے کیا کرتے رہے ہیں۔ریحام خان نے درخواست کی، خدارا اس واقعے کو سیاسی رنگ مت دیں، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ سیاسی لیڈران بچوں سے جنسی تشدد کے واقعات کی روک تھام کے لیے یکجہتی دکھائیں۔انہوں نے مقتولہ زینب کی نماز جنازہ پڑھانے والے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہایک بہن کی حیثیت سے میری آپ سے درخواست ہے کہ ہماری بچیوں کی سالگرہ کے لیے بھی آگے آئیں۔ریحام خان نے بچوں پر جنسی تشدد کے حوالے سے میڈیا کوریج کو سراہا، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ʼنہایت افسوس کی بات ہے کہ ہمیں بار بار اپنے بچوں کی لاشیں اٹھانی پڑ رہی ہیں۔اس موقع پر انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے درخواست کی کہ جتنی تیزی سے انہوں نے اورنج لائن ٹرین بنائی ہے، اس کیس کی تحقیقات میں بھی تیزی دکھائیں۔