لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نےعلی الصبح نماز فجر کی ادائیگی کے بعد بغیر پروٹوکول 2گھنٹے تک اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے دورہ کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں انقلاب برپاہو گا،اورنج لائن ٹرین منصوبہ عوام کا ہے،تحریک انصاف کے باعث منصوبے میں 22 ماہ کی تاخیر ہوئی، اس جماعت نے منصوبے پر چھپے دشمن کی طرح وار کیا، پی ٹی آئی والوں نے خیبر پختونحوا اور پشاور کے عوام کا بھی وقت برباد کیا ہے۔وزیر اعلیٰ اور متعلقہ حکام کوسٹر میں بیٹھ کردورے کیلئے روانہ ہوئے- چوبرجی میں منصوبے کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا، چوبرجی کے قریب انڈر گرائونڈ حصے میں گئے اور وہاں پر جاری کام کا جائزہ لیا-بعدازاں سپریم کورٹ رجسٹری، جی پی او چوک، لکشمی چوک اور شالامار باغ کے قریب بھی منصوبے کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیااور پراجیکٹ کےسول، مکینیکل اور الیکٹریکل کاموں پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا-وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جی پی او چوک کی بندش کے دوران ٹریفک کے بہترین متبادل انتظامات کئے جائیں تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکل کا سامنا کرنا پڑے -صبح سویرے وزیراعلیٰ کو دیکھ کر لوگوں نے خوشگوار حیرت کا ا ظہار کیا اور’ شہبازشریف زندہ باد‘کے نعرے لگائے-وزیراعلیٰ نے لوگوں سے ہاتھ ملایا اور منصوبے پر کام کرنے والے ورکرز سے بھی ہاتھ ملاتے ہوئے کہاکہ آپ دن رات عظیم منصوبے پر کام کررہے ہیں اور اس منصوبے کی تکمیل پر ورکرز کو انعام دیں گے-وزیر اعلیٰ نے دورہ کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ عام آدمی کو باوقار اور عالمی معیار کی سفری سہولتیں فراہم کرے گا ۔لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ پاکستان کے عوام کا منصوبہ ہے ۔ تاخیر کا ازالہ محنت، عزم اور جذبے کے ساتھ کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے سب نے ملکر کام کرنا ہے۔وزیر اعلیٰ نے دورے کے دوران شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی وجہ سے یہ منصوبہ رکا رہا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بین الاقوامی معیار کی سفری سہولتوں سے محروم رکھنے والی جماعت نے اپنے صوبے میں کچھ نہیں کیا۔اورنج لائن میٹرو ٹرین عام آدمی کی باوقار سواری ہے -تحریک انصاف نے اس منصوبے میں تاخیر کرا کے لاہور کے عوام سے دشمنی کی ہے -پی ٹی آئی نے اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے پر چھپے ہوئے دشمن کی طرح وار کیااور اسی جماعت کے باعث منصوبے میں 22 ماہ کی تاخیر ہوئی، انہوں نے خیبر پختونحوا اور پشاور کے عوام کا بھی وقت برباد کیا ہے -وزیراعلیٰ نے کہاکہ بعض سیاسی عناصر نے اس منصوبے میں رکاوٹیں ڈال کر عوام سے کھلی دشمنی کا مظاہرہ کیاہے - یہ وہ لوگ ہیں جو ا پنے صوبے میں میٹروبس پراجیکٹ کی ایک اینٹ نہیں لگا سکے - ان لوگوں نے عام آدمی کی فلاح و بہبود کے ساتھ کھلم کھلا ظلم کیاہے - چینی حکام نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ کے ویژن کے مطابق منصوبے کو جلد مکمل کرنے کے لئے پوری کوشش کریں گے۔وزیر اعلیٰ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے آج صبح منصوبے کا دورہ کیاہے۔منصوبے پر ہونے والی پیشرفت دیکھ کر مجھے بڑی خوشی ہوئی ہے۔تمام ادارے اور محکمے ایک ٹیم کے طور پر کام کررہے ہیں۔علاوہ ازیں شہباز شریف نےرات گئے قصور واقعہ کے حوالے سےویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کیا ۔انہوں نے کہا کہ قصور میں بچی کا قاتل بچ نہیں سکے گا۔تفتیش کوسائنسی اور پیشہ وارانہ انداز میں آگے بڑھایا جائے۔شہباز شریف نے کہا کہ ملزم کی جلد گرفتاری کیلئےمربوط انداز میں کام کیا جائے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قصور میں جدید ترین کیمروں کی تنصیب کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ آر پی او ملتان، آر پی او شیخوپورہ،ڈی جی فرانزک سائنس ایجنسی اور متعلقہ حکام نے قصور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ کمسن بچی کے قتل میں ملوث ملزم کی فوری گرفتاری کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔