کراچی ( اسٹاف رپورٹر)قصور میں مظلوم بیٹی زینب اور دیگرمعصوم بچوں کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے بہیمانہ واقعات کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ پاکستان شعبہ خواتین کا مذمتی اجلاس ہوا جس سے رابطہ کمیٹی کی رکن و رکن قومی اسمبلی کشور زہرا ،رابطہ کمیٹی کی رکن و رکن سندھ اسمبلی ہیر سوہو ، این جی او’’آہنگ‘‘ سے منسلک مسرت جبیں، شعبہ خواتین کی انچارج سکندر خاتون ، جوائنٹ انچارج شہانہ اشعر ، رکن سندھ اسمبلی نائلہ لطیف نے خطاب کیا،کشور زہرا نے کہا کہ اسکول کی سطح پر ان واقعات کے خلاف آگہی پروگرام کا انعقاد ہونا چاہئے تاکہ طلبا اور طالبات اس حساس موضوع کی نزاکت سے آگاہ ہوسکیں،ہیر سوہو نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو اچھا اور برا بتانا ہوگا اور کسی بھی واقعہ کو نظر انداز کرنے کا مطلب درندہ صفت لوگوں کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہوگا،انہوں نے کہاکہ پہلے ہی قدم پر بچوں کو روکنا ضروری ہے اور اپنے بچوں کو محفوظ بنانے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے، مسرت جبیں نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کو روکتے ہیں تو بچوں میں تجسس پیدا ہوتا ہے ، ہمیں بچوں کو وقت دینا ہوگا اور ان کے رہن سہن پر نظر رکھنی ہوگی ،ہمیں بچوں کو آگاہ کرنا ہوگا کہ اس قسم کے حالات کا مقابلہ کسطرح کیاجاسکتا ہے ۔