کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ورلڈ الیون کے خلاف میچز کے دوران عظیم کھلاڑیوں کو ہال آف فیم ایوارڈز دینا کا اعلان کیا ہے لیکن ملک کےکئی نامور کھلاڑیوں اور گول کیپنگ کے شعبے کونظر انداز کرتے ہوئے اپنے سکریٹری کو ہی اس میں شامل کرلیا ہے، جبکہ 1994اولمپکس گیمز کی فاتح قومی ٹیم کے کپتان منظور جونیئر، فل بیک منظور الحسن، رشید جونیئر، حنیف خان کو اس ایوارڈ میں اہمیت نہیں دی، دل چسپ بات یہ کہ گول کیپنگ کے شعبے کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا اور اس ایوراڈ میں کسی گول کیپر کو نہیں رکھا گیا ہے۔ ماضی میں سلیم شیروانی دنیا کےمثالی گول کیپر تصور کئے جاتے تھے اور یورپی ممالک بھی ان سے متاثر تھے اور ان کی مثال دیتے تھے۔ سلیم شیروانی کی شان دار کار کردگی پاکستان کےکئی عالمی اعزاز کے حصول میں نمایاں رہی تھی، بعد میں شاہد علی خان اور قمر ضیاء جیسے گول کیپرز بھی حریف ٹیموں کے لئے خطرے کی علامت تھے، مگر پی ایچ ایف نے اس ایوارڈ میں بھی اپنی نوازنے کی پالیسی کو برقرار رکھا۔