کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) سانحہ ماڈل ٹائون کے خلاف پاکستان عوامی تحریک سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے احتجاج کے باعث پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 21 جنوری کو لاہور میں ورلڈ الیون کے خلاف کھیلے جانے والےمیچ میں حصہ لینے والی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو پی سی بی کرکٹ اکیڈمی میں ٹھہرانے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ کھلاڑی بآسانی نیشنل ہاکی اسٹیڈیم پہنچ سکیں، پی ایچ ایف نے پی سی بی سےکھلاڑیوں کو ٹھہرانے کے لئے قومی کرکٹ اکیڈمی دینے کی درخواست کی تھی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ان میچوں میں تماشائیوں کا داخلہ مفت رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ اہم شخصیات کے لئے خصوصی پاس رکھے گئے ہیں، میچوں سے قبل کراچی اور لاہور کے مقامی اسکول کے بچے اور بچیاں جسمانی کرتب کا مطاہرہ کریں گے، جبکہ میچ کے اختتام پر میوزیکل شو ہوگا، کھلاڑیوں اور تماشائیوں کی سیکیورٹی کے لئے سخت انتظامات کئے جائیں گے، کراچی میں دونوں ٹیموں کے اعزاز میں 19جنوری کو عشائیہ دیا جائے گا ۔ جس میں کراچی سے تعلق رکھنے والے ہال آ ف فیم کھلاڑیوں کو ایوارڈ دئیے جائیں گے۔ پی ایچ ایف نے وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کو بطور مہمان مدعو کیا ہے، کراچی میں رات ساڑھے آٹھ بجے میچ شروع ہوگا، لاہور میں21 جنوری کو دوپہر ڈھائی بجے میچ شروع ہوگا۔