• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ قصور،شہبازشریف ناکام،عوام معاف نہیں کرینگے،خورشیدشاہ

قصور(ایجنسیاں)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کی توجہ کسی اور چیز پر ہے اس لیے زینب کے قاتل گرفتار نہیں ہوسکے‘اس کیس میں کاغذوں کا پیٹ بھرنے کے لیے معصوم لوگوں کو پکڑا گیا ہے‘پنجاب پولیس اور وزیراعلیٰ شہبازشریف ناکام ہوگئے اب وہ بلاشبہ کتنے بھی دعوے کریں، لوگوں کو ماریں، قتل کریں لیکن لوگ انہیں معارف نہیں کریں گے‘ آج نہیں تو کل معصوم زینب کا قاتل ضرور خدا کی پکڑ میں آکر عبرت ناک انجام سے دوچارہوگا‘خدا کی لاٹھی بے آوازمگر پڑتی ضرور ہے‘ مجھے کیوں نکالا کا سوال کرنے والوں سے سوال ہے زینب کو کیوں مارا؟۔منگل کواپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے قصور میں کمسن زینب کے قتل پر گھر جاکر بچی کے والدین سے تعزیت کا اظہار کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ایس پی کے تبادلے سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا‘قصور واقعے نے لوگوں کی آنکھیں کھول دی ہیں اوران کا حقیقی چہرہ دنیاکودکھایاہے‘اب کتنی بھی دولت دی جائے بچی کے ماں باپ خاموش نہیں ہوتے ۔
تازہ ترین