کراچی(جاویدرشید) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کی ایگزیکٹو کمیٹی اور ورکنگ کمیٹی کا اجلاس کوٹلی میں منعقد ہوا جس میں آنے والے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کی۔ اجلاس میں تنظیم و تحریک کی موجودہ صورتحال اور آئندہ سال کے لائحہ عمل پر تفصیلی بحث و مباحثہ ہوا او ر متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس نے تنظیم و تحریک کو گراس روٹ لیول تک پوری طرح منظم کرنے اور آزاد کشمیر کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے منظم تحریک چلانے اور آزاد کشمیر کے آمدہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے اور آزاد کشمیر بھر سے تمام ڈسٹرکٹ کونسلز، یونین کونسلز، ٹاون کمیٹیوں اور شہری وارڈز سے امیدوار کھڑے کرنے کا اعلان کیا گیا۔اجلاس کے شرکاء نے اتفاق رائے سے ایک انتخابی بورڈ بھی تشکیل دیا جس کے سربراہ سیکریٹری جنرل راجہ طفیل عجائب ہونگے جبکہ انتخابی بورڈ کے ممبران میں سردار ایس ایم ابراہیم ایڈوکیٹ راولاکوٹ، یوسف چوہدری کوٹلی، توصیف جرال ایڈوکیٹ بھمبر ، سلیم بٹ باغ اور تمام ضلعی صدور اس بورڈ کے ممبر ہونگے۔