• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع اٹک میں ماڈل مویشی بازار کی جلد تکمیل یقینی بنائی جائے،کمشنر

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) کمشنر راولپنڈی ندیم اسلم چوہدری اور آر پی او محمد وصال فخر سلطان راجہ نے ہدایت کی ہے کہ ضلع اٹک میں ماڈل مویشی بازار گوندل کی جلداز جلد تکمیل یقینی بنائی جائے تاکہ مویشی پال افراد کو مفت منڈیوں کی فراہمی کے ذریعے ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ اس حوالے سے 4رکنی کمیٹی کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کریگی۔ کمیٹی میں ممبر صوبائی اسمبلی افتخار وارثی‘ اقبال حسین‘ ایم ڈی کیٹل مارکیٹ محمد یونس اور ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک راولپنڈی ڈاکٹر ارشد لطیف شامل ہونگے۔ کمشنر نے بگاشیخاں اور کلیام کے درمیان بھی مناسب جگہ پر مویشی منڈی لگانے کی ہدایت کی۔ کمشنر نے کہا کہ ماڈل بازار روڈز‘ شیڈز اور بلڈنگ کے ساتھ ساتھ سیوریج سسٹم‘ ویٹرنری ہسپتال‘ چارہ کی دکانوں‘ گروسری شاپ‘ مسجد‘ ٹیوب ویل روم اور آکشن رنگ سمیت دیگر سہولیات سے آراستہ ہوگا۔ ایم ڈی کیٹل مارکیٹ محمد یونس نے بتایا کہ بلڈنگز کا کام مکمل اور 5شیڈز بھی تعمیر کئے جا چکے ہیں۔ اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی افتخار وارثی، ظفر اقبال، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل، ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات، ڈی سی جہلم اقبال حسین خان، ڈی سی چکوال عمر جہانگیر، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈنیشن طارق سلام مروت، ڈائریکٹر لائیو سٹاک غلام حسین بھٹہ، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر ارشد لطیف سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
تازہ ترین