وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ڈاکٹر طاہر القادری کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر داخلہ احسن اقبال، مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور وزیر خارجہ خواجہ آصف نےبھی شرکت کی۔اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ڈاکٹر طاہرالقادری کے خلاف مقدمات بھی زیربحث آئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں متحدہ اپوزیشن کے جلسے میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے کہا تھا کہ حکومت کے خلاف اب یہ صرف ہماری نہیں بلکہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی کی مشترکہ جنگ ہے۔
احتجاجی جلسے میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارلیمنٹ پر لعنت بھیجی تھی جبکہ شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری نے کہا تھا کہ ملک کو کسی اور سے نہیں صرف جاتی امراء کے شیخ مجیب الرحمان سے خطرہ ہے۔