سیالکوٹ(نمائندہ جنگ ،خبر ایجنسیاں)بھارتی فوج کی ایک بار پھر سیالکوٹ میں ورکنگ باونڈری پر بلا اشتعال فائرنگ سے 2خواتین سمیت 3شہری شہید اور3خواتین سمیت 7شہری زخمی ہوگئے ،بی ایس ایف نےچناب رینجرز کی پوسٹوںاور باقر پور، کندن پور، گندیال کنگرہ، روڑکی اعواناں دیہات کو نشانہ بنایا،پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فوجی اہلکار ہلاک اورکیپٹن سمیت متعدددشمن فوجیوں کوزخمی کردیا جبکہ بھارت کی کئی سرحدی چوکیاںبھی تباہ کی گئیں اور بھارتی سورما اسلحہ چھوڑ کر فرار ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق بدھ جمعرات کی درمیانی شب بھارتی سیکورٹی فورسز نے سیالکوٹ ورکنگ باونڈری کے چاروہ سیکٹر کے دیہات پر بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ گولاباری شروع کر دی جس سے 20 سالہ عائشہ اور 45سالہ پروین سمیت 3شہری ہلاک ہوگئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے ورکنگ بائونڈری پر سیالکوٹ کے چپراڑ سیکٹر کے گائوں کندن پور میں سول آبادی کو نشانہ بنایا،گزشتہ رات سے جاری بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے 2خواتین شہید جبکہ 3خواتین سمیت 5شہری زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق شہید ہونے والی خواتین کی شناخت 20 سالہ عائشہ اور 45سالہ پروین کے نام سے ہوئی ہے ۔ذرائع کے مطابق پاکستان رینجرز پنجاب نے بھارتی فوج کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا اور بھارتی سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹیں تباہ کردی گئیں۔ بھارتی فوج نے پاکستان پر فائرنگ میں پہل کا روایتی الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمی افسر کی شناخت مراٹھا لائٹ انفینٹری کے کیپٹن بنگوریہ کے بطور پر ہوئی ، اسے ایئرلفٹ کرکے جموں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔