کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرکٹ کے بعد ملک میں ہاکیمیدان میں بھی رونق لگے گی۔نامور کھلاڑیوں پر مشتمل ہاکی ورلڈ ہاکی الیون اور قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے مابین پی ٹی سی ایل ہاکی کپ کی سیریز کا پہلا میچ جمعے کو کراچی کے عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں شام ساڑھے سات بجے سے کھیلا جائے گا ۔ میچ سے پہلے میوزیکل شو بھی ہوگا۔میچ میں شرکت کے لئے ورلڈ الیون کے 13کھلاڑی پاکستان پہنچ چکے تھے جبکہ تین کھلاڑیوں کی آمد جمعہ کی صبح متوقع ہے، میچ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے جائیں گے، تماشائیوں کا داخلہ مفت ہوگا۔ جمعرات کو ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں نے ایدھی اسٹیڈیم میں پریکٹس کی ، جن کی حفاظت کے لئے رینجرز کے اہلکار بھی لائن کے باہر مستعد کھڑےہوئے تھے۔ جمعرات کو دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کی تقریب رونمائی میں مشترکہ طور ٹرافی تھام کر پاکستان میں ہاکی کے عالمی مقابلوں کی بحالی کا عزم ظاہر کیا۔ میچ کے لئے جمعرات کی صبح کی ہال آف فیم میں شامل اسپین کے سابق اولمپئن یوان اسکارے اور آسٹریلین امپائر ڈان پرائیر کے علاوہ آسٹریلین کھلاڑی گرانٹ شوبرٹ اور نیوزی لینڈ کے فل بورس کراچی پہنچ گئے ۔ ورلڈ الیون کا کپتان ہالینڈ کے روڈرک ویوستھوف کو مقرر کیا گیا ہے جنہوں نے پاکستان کے سہیل عباس کی جگہ لی ہے۔ سہیل عباس میچ میں شرکت نہیں کر رہے جس کا سبب یہ بتایا گیا ہے کہ ان کو ہال آف فیم ٴٴ میں شامل نہیں کیا گیا اور میچ فیس دیگر کھلاڑیوں سے کم ملنے پر عدم دستیابی کا اعلان کیا ہے ۔ ورلڈ الیون کے کپتان روڈرک کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ پاکستان کی جونیئرٹیم میں بہت صلاحیت ہے اور امید ہے کہ اچھے میچز ہونگے۔ دوسری جانب قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے کپتان جنید منظور کا کہنا تھا کہ ہماری تیاری اچھی ہے ، اس کے باوجود کہ ورلڈ الیون میں نامی گرامی کھلاڑی شامل ہیں ہم انہیں ٹف ٹائم دیں گے۔ اس مقابلے سےہمیں سیکھنے کا موقع ملے گا، امید ہے شائقین حوصلہ افزائی کے لئے اسٹیڈیم آئیں گے۔دریں اثنا پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سابق ہاکی اولمپئن کوچ سمیر حسین کو ورلڈ الیون کے خلاف جمعے کو ہونے والے میچ کا ڈائریکٹر مقرر کیا ہے۔