سینئر سیاستدان ، سابق وفاقی وزراء اور ن لیگی رہنما چوہدری نثار اور پرویز رشید کے درمیان جاری لفظی جنگ میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے انٹری ماردی ۔
چوہدری نثار اور پرویز رشید کے درمیان ڈان لیکس کی وجہ سے لفظی جنگ جاری ہے ، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے تشویش کااظہار کیا ۔
سینئر صحافی سے گفتگو میں شہبازشریف نے اپنا وزن چوہدری نثار کے پلڑے میں ڈال دیا اور پرویز رشید کے متعلق کہا کہ انہیں میڈیا پر بعض باتیں کرنے سے گریز کرنا چاہیے تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر سابق وزیراعظم نوازشریف سے درخواست کی دونوں رہنماوں کے درمیان جاری لفظی جنگ میں مداخلت کرکے معاملہ حل کرائیں۔
ان کا مزید کہناتھاکہ ن لیگ کےتمام عہدےدار،رہنما،کارکن نوازشریف کی قیادت میں متحدہیں،پارٹی عہدیداروں میں اختلاف کسی سیاسی جماعت کیلئےغیرمعمولی بات نہیں، سابق وزیراعظم پارٹی کے دونوں رہنمائوں کو ایک ساتھ بٹھا کر اس معاملے کا فیصلہ کریں ۔
سینئر صحافی کے مطابق شہبازشریف نے کہا کہ چوہدری نثار پارٹی کے سینئر رہنما ہیں ، وہ 1980ء سے نوازشریف کے ساتھ ہیں اور وہ سابق وزیراعظم کے بہت قریب رہے ہیں۔