لاہور(جنگ نیوز)ملکی سیاست کے دوبڑے کھلاڑیوں سابق صدر آصف زرداری اورموجودہ حکمراں اتحاد کی اہم جماعت جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے درمیان موجودہ سیاسی صورتحال پر اہم ملاقات ہوئی جس میں سینیٹ انتخابات میں تعاون اور دیگرامورپرغور کیاگیا۔پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن کی بلاول ہائوس لاہور میں ہونے والی ملاقات میںدونوں رہنمائوں نے ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے مل کر نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا ۔ذرائع کے مطابق ملکی سیاسی صور تحا ل اور خاص طور پر سینیٹ کے آنے والے انتخابات پر تفصیلی گفتگو ہوئی ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں سینیٹ الیکشن سے قبل خیبرپختونخوا میں تعاون اور بلوچستان طر ز پر خیبرپختونخوا اسمبلی میں تبدیلی کے نکات پر غور کیا گیا ۔ پی پی ذرائع کے مطابق اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے خیبرپختونخوا میں تبدیلی کے حوالے سے دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطے پر بھی اتفاق کیا ۔ذرائع کے مطابق یہ اشتراک سینیٹ انتخابات سے قبل نظام کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے کیا جا رہا ہےجبکہ خبیر پختونخوا میں بلوچستان طرز کی تبدیلی کا لائحہ عمل صوبے کی دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کے بعد طے کیا جائےگا۔خیبرپختونخوا میں پیپلز پارٹی، جے یو آئی (ف)، مسلم لیگ ن اور عوامی نیشنل پارٹی اپوزیشن کاحصہ ہیں، جبکہ حکومتی اتحاد میں تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور قومی وطن پارٹی شامل ہیں۔