اسلام آباد (نمائندہ خصوصی، سٹاف رپو رٹر) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماءسابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ہفتے کو راولپنڈی میں سماجی رہنما ڈاکٹر جمال ناصر کی رہائش گاہ پر گئے جہاں انہوں نے تحریک پاکستان کے نامور کارکن ، مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کے معتمد نثار احمدنثار کے انتقال پر دلی دکھ کا اظہار کیا ۔انہوں نے مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اوردعا کی - انہوں نے کہا کہ نثار احمد نثار پکے مسلم لیگی تھے جنہوں نے ان کے والد بریگیڈئر چوہدری فتح خان کے ساتھ مل کر راولپنڈی شہر میں مسلم لیگ کو مضبوط اور فعال بنایا ان کی وفات سے مسلم لیگ کا ایک عہد ختم ہو گیا ہے ، وہ پاکستان اور مسلم لیگ کی پہچان تھے انہیں پاکستان اور مسلم لیگ کے پرچم میں دفن کیا جانا چاہئے تھا ۔اس موقع پر صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور،ایم پی اے راجہ حنیف ایڈووکیٹ،مرکزی انجمن تاجران کے صدر شرجیل میر،جاوید مغل ممبر ٹیکنو کریٹ اور ملک مدثر بھی موجود تھے ۔ڈاکٹر جمال ناصر نے چوہدری نثار کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں ان کے گھر تشریف لائے اور ان کے دکھ میں شریک ہوئے ۔