• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی آواز اب عوام اور حامیوں کی آوازبن چکی ، حمزہ شہباز

Todays Print

لندن( مرتضیٰ علی شاہ) حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقامہ کی بنیاد پرنا اہلی کے فیصلے کیخلاف نوازشریف کی آواز اب عوام اورنواز شریف کے حامیوں کی آواز بن چکی ہے، جب یہ واضح نظر آرہاہو کہ انصاف کا دہرا معیار اپنایاجارہا ہے توپھر سوال تو اٹھیں گے، عدالتوں کا فرض ہر ایک کیلئے ایک ہی پیمانہ استعمال کرنا ہے،پیپلز پارٹی اورن لیگ نے دیگر جماعتوں کیساتھ ملکر پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کیلئے کردار ادا کیا۔ حسن نواز کے مے فیئر فلیٹ پر اپنی تائی بیگم کلثوم نواز سے ملاقات کے بعد جیو نیوز سے باتیں کرتے ہوئے دیکھئے لاہور میں مشترکہ اپوزیشن کے جلسے کاکیا ہوا جہاں درجنوں پارٹیوں کے اتحاد کا خالی کرسیوں نے استقبال کیا، چکوال کے ضمنی انتخابات کے نتائج کو دیکھیں جہاں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار نے 30ہزار کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی ،ہم نے اپنا پیغام پاکستان کے عوام تک پہنچادیا۔ حمزہ شہباز کا کہناتھا کہ اہم بات یہ ہے کہ انصاف کیاجانااورہوتا نظر آنا چاہئے،عدالتوں کافرض ہے کہ ہر ایک کیلئے ایک ہی پیمانہ استعمال کریں،یہ عدالتوں کا فرض ہے کہ وہ یہ ثابت کریں کہ انصاف کیاجارہاہے، عوام سب کچھ دیکھ رہے ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ کیاہورہاہے، عوام کی عدالت ہی آخری عدالت ہے۔سپریم کورٹ سے اقامہ کی بنیاد پر نواز شریف کی نااہلی اورعمران خان کی جانب سے آف شور کمپنی نیازی سروسز لمیٹڈ کی ملکیت کے اعتراف کے باوجودکلین چٹ دیئے جانےکے حوالے سے انہوںنے کہا کہ چکوال میں پاکستان مسلم لیگ ن کی بھاری اکثریت سے کامیابی نے ثابت کردیا کہ عوام پاکستان مسلم لیگ ن کی پالیسیوںپر اعتماد کرتے ہیں، یہ ایک حقیقت ہے کہ ہم نے کام کئے ہیں اور تمام پارٹیاں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ہی عوام کے سامنے جائیں گی اور عوام ہی یہ فیصلہ کریں گے کہ اگلا حکمراں کون ہوگا،یہی جمہوری اور واحد راستہ ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اگلے مہینے بیگم کلثوم نواز کی کیمو کاآخری سیشن ہوگا،اب ان کی حالت پہلے سے بہت بہتر ہے، یہ سب کچھ عوام کی دعائوں کاہی اثر ہے کہ وہ تیزی سے صحتیاب ہورہی ہیں اور ہماری دعا ہے کہ وہ جلد ہی صحتیاب ہوکر پاکستان واپس جائیں گی،میں ہر ایک سے ان کیلئے دعا کی اپیل کرتاہوں،انہوں نے کہا کہ ایک ماں سے قیمتی اور کوئی چیز نہیں ہوسکتی،انہوں نے پرویز مشرف کی آمریت کامقابلہ کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس جدوجہد میں انہوں نے بہت نقصان اٹھایا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس وقت دی گئی قربانیوں کے نتیجے ہی میں پاکستان میں جمہوریت بحال ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن نے دیگر پارٹیوں کے ساتھ مل کر پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کیلئے بڑا کردار ادا کیا، اب سیاسی پارٹیوں کوبالغ نظر ی کامظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو مستحکم بنانے کیلئے مل بیٹھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خطے اور دیگر علاقوں کے ممالک مضبوط و مستحکم ہیں کیونکہ وہاں ادارے مضبوط ہیں اور جمہوریت فروغ پذیر ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب پاکستان مسلم لیگ ن نے اقتدار سنبھالا تو پاکستان اندھیرے میں ڈوبا ہوا تھا ہم نے لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر کامیابی کے ساتھ قابو پایا اور لوڈ شیڈنگ کو ہمیشہ کیلئے ختم کردیا، ایک مرحلے پر یہ صرف ایک خواب تھا لیکن اب یہ حقیقت بن چکی ہے اور یہ پاکستان مسلم لیگ ن کی سب سے بڑی کامیابی ہے، ہم نے کام کئے ہیں پاکستان میں سرمایہ کاری لائے ہیں ہر سروے سے ظاہرہوتاہے کہ پنجاب نے دوسرے صوبوں سے زیادہ ترقی کی اور یہ صوبہ اب کسی بھی دور کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بیرونی چیلنجوں کا سامناہے اور اسے ملک اتحاد اور استحکام کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین