نیو کاسل (پ ر) آزاد کشمیر حکومت کی طرف سے آزاد کشمیر کے شہریوں پر لگائے گئے دہرا رینٹل پراپرٹی ٹیکس، بلدیہ کے نئے اضافی ٹیکس، ایم ڈی اے اور ایم ڈی ایچ پر لگائے گئے ٹیکسوں، احتساب بیورو کی میرپور سے منتقلی، حب ریور کی سرکاری اراضی پر قبضہ کے خلاف کشمیر ویلفیئر سوسائٹی نے اہالیان میرپور کی طرف سے احتجاجی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ برطانیہ کے معروف سماجی اور کمیونٹی رہنمائوں ڈاکٹر پرویز چوہدری اور راجہ محمد شبیر نے کہا کہ آزاد کشمیر بالعموم میرپور کے شہریوں کے اندر پائی جانی والی تشویش کو حکومت آزاد کشمیر فوری طور پر ختم کرتے ہوئے ازالہ کرے۔ ہم آزاد کشمیر کے عوام بالخصوص منی لندن تارکین وطن کے شہر میرپور کے شہریوں پر پراپرٹی ٹیکس سمیت دیگر ٹیکسز کے نام پر لوٹنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا، پہلے تعلیمی بورڈ، کالج ٹیچرز ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میرپور سے مظفر آباد منتقل کیا گیا، چیف انجینئر برقیات میرپور آفس بھی ختم کردیا گیا۔ حکومت آزاد کشمیر عوام کو علاقوں و برادری کے نام پر لڑانے سے باز رہے۔ ضلع میرپور کے ساتھ مسلسل ناانصافیاں کی جارہی ہیں۔ کشمیر ویلفیئر سوسائٹی میرپور کے عوام کے حقوق پر ڈاکے نہیں مارنے دے گی۔ میرپور کے عوام سے ناانصافیاں بند نہ ہوئیں تو برطانیہ میں احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں گے، ہم تارکین وطن میرپور کے عوام کو ہر ممکن تعاون و حمایت کا یقین دلاتے ہیں۔