لاہور/نارووال(خصوصی رپورٹر/نامہ نگار/نیوز ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے وزیر اعظم بننے پر پارٹی میں اختلاف نہیں،نواز شریف اعلان کر چکے شہباز شریف 2018میں وزارت عظمی کے امید وار ہونگے۔سینیٹ اور عام انتخابات وقت پر ہوں گے، ہارس ٹریڈنگ کی گئی تو جمہوریت کو بہت نقصان ہوگا، گزشتہ روز لاہور چیمبر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 20 کروڑ عوام کی گاڑی کو کوئی اناڑی کیسے منزل مقصود تک پہنچا سکتا ہے‘ اگر پاناما کا ڈرامہ نہ ہوتا تو جی ڈی پی کی شرح 6.2سے 6.5تک جا سکتی تھی ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ملک کو بدترین بحرانوں کا سامنا رہا، 18 سے 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ تھی اور لوگ موم بتی جلانے پر مجبور تھے۔ توانائی پر سول وار کا خطرہ رہا، کراچی میں امن و امان کی حالت انتہائی تشویشناک تھی، بلوچستان میں قومی ترانہ پڑھنا اور قومی پرچم لہرانا ایک جرم ہو گیا تھا، لیکن اب دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جو بزنس مین کراچی چھوڑنا چاہتے تھے، رک گئے ہیں۔ اب 192 کارخانے کھل گئے ہیں۔