اسلام آباد ( تنویر ہاشمی ) گوادر میں فری اکنامک زون میں سرمایہ کار ی کے مواقع سے آگاہی کیلئے دوروزہ گوادر ا یکسپو آج سےشروع ہوگی ، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ا یکسپو کاافتتاح کرینگے اس کیساتھ گوادر فری اکنامک زون کا بھی افتتاح کیا جائیگا ، ایکسپو میں 100سے زائد ملکی و غیر ملکی کمپنیاں شریک، اکنامک زون کی تعمیر چائنا اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی کریگی ،وزیر داخلہ و منصوبہ بندی احسن قبال ، چینی سفیر یائو جنگ اور دیگر اعلی ٰ چینی حکام بھی وزیرا عظم کے ہمراہ ہو نگے ،بلوچستان میں اپنی نوعیت کی یہ پہلی ایکسپو ہے جس میں 100سے زائد ملکی و غیر ملکی کمپنیاں شریک ہو رہی ہیں ،گوادر میں فری اکنامک زون کی تعمیر چائنا اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی کریگی ،923ایکٹر رقبے پر محیط فری اکنامک زون کو چار مرحلوں میں تعمیر کیا جائیگااور ابتدائی طور پر 25ایکٹر رقبے پر فری زون کا پہلا مرحلہ مکمل کیا جائیگا ،فری اکنامک زون میں انفراسٹرکچر ، تجارتی نمائش ہال ، کولڈ سٹوریج ، ویئر ہائوسز، ٹرانسپورٹیشن مشنیری کنسٹرکشن اور سٹون پروسسنگ ، فشریز پروسسنگ سینٹرز بھی قائم کیے جائیں گے ،بزنس سینٹر ایک سال سے بھی کم عرصےمیں مکمل کر لیا گیا جبکہ فری اکنامک زون میں مقامی افراد کی شمولیت کیلئے پاک چین ٹیکنکل ووکیشنل تربینی مرکز قائم کردیا گیا ہے جہاں اب تک 13سو سے زائد گوادر اور بلوچستان کے مقامی افراد مختلف شعبوں میں تربیت حاصل کر رہے ہیں جن میں اکثریت خواتین کی ہے ، انکو چینی اور انگریزی زبان بھی سکھائی جارہی ہے تاکہ فری اکنامک زون اور گوادر میں کاروباری مواقعوں سے بھر پور فائدہ اٹھا سکیں اورترجیح بنیادوں پر روزگار حاصل کر سکیں ، فری اکنامک زون میں سرمایہ کاروں کو ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہو گا،گوادرایکسپو کا گوار پورٹ اتھارٹی اور چائنا اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی مشترکہ طور پر انعقاد کررہی ہیں ۔