دادو(جاوید ناریجو نامہ نگار)سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایت پرواٹر کمیشن کی ٹیم کاجسٹس ریٹائرڈ امیر ہانی مسلم کی قیادت میں دادو کا دورہ واٹر سپلائی پمپنگ اسٹیشن کے دورے کے دوران ناکارہ سسٹم اور گدلا زہریلا پینے کا پانی شہریوں کومہیا کرنے پر سخت رد عمل اور برہمی کااظہارکیا۔ امیر ہانی مسلم کا کہنا تھا آپ لوگوں کو شرم نہیں آتی آپ عوام کو زہریلا پانی پلا رہے ہیں جس سے عوام مختلف نوعیت کی بیماریوں اور موت کا شکار ہو رہے ہیں۔ جسٹس ریٹائرڈ امیر ہانی مسلم نے آر او پلانٹ، واٹر سپلائی اسکیم، فش پوائنٹ، دادو کینال اور پمپنگ اسٹیشن کا بھی معائنہ کیا تو انتہائی بری حالت دیکھ کر سخت برہم ہوگئے اور انتظامیہ کو کہا کہ آپ کو شرم نہیں آتی آپ عوام کو اس جدید دور میں بھی پینے کیلئے یہ زہریلا پانی پلاتے ہیں۔ اس پانی کا ایک گلاس بھی آپ نہیں پی سکتے۔انہوںنے انتظامیہ کو چھ ماہ کے اندر صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے ہدایت کی اورکہا کہ کروڑوں روپے کی لاگت خرچ دکھانے کے باوجود یہ تمام کی تمام اسکیمیں ناکارہ کیوں پڑی ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو اس موقع پر کہا کہ کچھ تو خدا کا خوف کریں۔ انہوں نے کہا کہ کروڑوں روپے کہاں خرچ ہو رہے ہیں جبکہ پانی کا نظام درست نہیں کیا جارہاہے۔ انہوں چھ ماہ کے اندر ناکارہ سسٹم کو درست کرنے کی ہدایت کی اور عوام کو پینے کے لیے صاف شفاف پانی کی فراہمی کی ہدایت کی۔