• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیرہ غازی خان میں مارے جانیوالے نوجوان کے ورثاء کا اسلام آباد میں احتجاج جاری

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) مبینہ پولیس مقابلہ میں قتل ہونے والے ڈیرہ غازی خان کے نوجوان طارق کے ورثا کا نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر احتجاج پانچویں روز بھی جاری رہا۔ مقتول کے ورثا نے بینرز اتھا رکھے تھے جن پر چیف جسٹس سے سو موٹو ایکشن لینے کی اپیل کی گئی تھی۔ مقتول کی والدہ کی طرف سے ’’چیف جسٹس کے نام ایک کھلا خط ‘‘ کے عنوان سے ہینڈ بل بھی مظاہرین میں تقسیم کیا گیا اس موقع پر طارق کے والد حاجی جلال اور بھائی عبدالمجید نے اپنے دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس شدید تین سردی میں ہم اپنے گھروں سے نکل کر حصولِ انصاف کیلئے اسلام آباد آئے ہیں اور انصاف کی فراہمی تک واپس نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان تھانہ صدر کے ایس ایچ او اور ایک اے ایس آئی نے مبینہ طور پر ایک سیاسی وڈیرے سے رقم لیکر اپنے دیگر اہلکاروں کے ہمراہ ہمارے نوجوان کوگرفتار کر کے عدالتی جسمانی ریمانڈ کے باوجود ہتھکڑی سمیت بے دردی سے جعلی پولیس مقابلہ میں قتل کر دیا۔ اس بربریت پر ورثا کو خاموش رکھنے کیلئے ظلم کی ایک نئی داستان رقم کرتے ہوئے پولیس نے اپنی مدعیت میں ایف آئی آر درج کر کے مقتول کے حقیقی ورثا کو ملزم بنا دیا۔ مقتول کے 70 سالہ والد کو ناجائز گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیاجس کی وجہ سے انہیں اپنے بیٹے کے جنازے اور تجہیز و تدفین میں شرکت کرنے سے بھی روک دیا گیا۔ مقتول کے ایک سرکاری ملازم چچا کو جبری اٹھا کر نامعلوم جگہ پر منتقل کر کے زنجیروں سے باندھے بھی رکھا گیا۔عدالت سے رجوع کرنے پر ان پر موٹر سائیکل ڈکیتی کا جھوٹا مقدمہ بنا کر عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ مقتول طارق کے ورثا نے مزید بتایا کہ ہمارے سکول جانے والے بچوں کو ہراساں کے کے ہمارا جینا حرام کر دیا گیاہے۔ ہم عدلیہ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے پولیس کے ظلم کو سمجھتے ہوئے ہمارے خاندان کے تمام افراد پر قائم قتل اور ڈکیتی مقدمات میں ہماری ضمانتیں منطور کر لیں اور بعد ازاں عدالتی حاضری سے بھی استثنا کے احکامات جاری کر دیئے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمارے خاندان کی نظریں عدلیہ پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نقیب اللہ محسود کیس کی طرح چیف جسٹس ان کے بیٹے کے قتل پر بھی از خود نوٹس لیں اور انکوائری کروا کے ذمہ داران کوسزا دلوائیں اور ہمارے خاندان کو تحفظ فراہم کروائیں ۔
تازہ ترین