پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی تعاون پر مبنی معاہدہ ہوگیا ،معاہدے پر وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور چینی وزیر ثقافت نے دستخط کردیے۔
وزیرمملکت مریم اورنگزیب اورچین کے وزیر ثقافت لو شوگانگ کی ملاقات ہوئی ہے، جس میں پاک چین قومی ثقافتی سینٹر کے قیام ، ثقافتی فلم اکیڈمی ،بین الاقوامی ثقافتی سی پیک کانفرنس کے انعقاد کی تجویز اور چینی سینما گھروں میں پاکستانی فلموں کی نمائش پر گفتگو ہوئی ۔
اس حوالے وزیر مملکت مریم اورنگزیب کا کہناتھاکہ پاکستان اور چین اسٹریٹجک شراکت دار ہیں،دونوں ملکوں کے عوام ثقافتی تعلقات میں مزید اضافہ کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کا ون بیلٹ ون روڈ کا منصوبہ علاقائی اور عالمی ترقی کیلئے سنگ میل ہے۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ معاہدے پر دستخط سے دونوں ملکوں پر عمل درآمد کے حوالے سےمزید ذمہ داری عائد ہوگئی ہے۔
ان کا کہناتھاکہ توانائی، معاشی تعاون ، بنیادی ڈھانچے اورعوامی رابطوں سے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات مضبوط ہونگے اور دونوںملکوں کے ورثے کو ترویج حاصل ہو گی۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات نے مزید کہا کہ گزشتہ سال سی پیک ثقافتی کارروان کاصوبے ژان جیانگ سے گوادرتک انعقاد کیاگیا،جس میں چین کے ثقافتی طائفوں نے بھرپور شرکت کی ۔
انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات پاکستان چین ثقافتی تعلقات مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے،میں نے تصویری نمائش اور طلبا کو یونیورسٹی میں اسکالر شپس کی بھی تجویز دیں ۔