کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے حیدرآباد ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس میں کروڑو ں کی کرپشن کرنے میں گرفتار ملزم سابق اکاؤنٹ آفیسر سکندر ابڑو کی جانب سے ضمانت سے متعلق دائر درخواست پر ملزمان کےخلاف ریفرنس دائر کرنے کاحکم دیتے ہوئے سماعت 6 مارچ تک ملتوی کردی۔منگل کو چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ کی سربراہی میں جسٹس محمد کریم خان آغا پر مشتمل دو رکنی بنچ نے حیدرآباد ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس میں کروڑوں روپےکی کرپشن کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم سکندر ابڑو کی جانب سے ضمانت سے متعلق دائر درخواست کی سماعت کی ۔ عدالت میں نیب کی جانب سے تفتیشی آفیسرکا کہنا تھا کہ ملزم سکندر علی ابڑو کیخلاف چیک میں خوردبرد فنڈز اورپنشن کی مد میںکرپشن کا الزام ہے ، تمام ملزمان نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس حیدرآباد میں کروڑوں کی کرپشن کی جبکہ ملزم سکندرعلی جیل میں ہے اوردیگر ملزمان ضمانت پررہا ہیں ملزمان کےخلاف انکوائری مکمل کرلی ہے ریفرنس منظوری کے لئے چیئرمین نیب کوارسال کردیا ہے ۔چیئرمین کی منظوری کے بعد ریفرنس فوری دائرکردیا جائےگا،عدالت نے نیب کا موقف سنتے ہوئے سماعت 6 مارچ تک ملتوی کردی ۔