مانچسٹر (نمائندہ جنگ) معروف بزنس مین پیس فار آل آرگنائزیشن کے صدر شیخ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں غیر ملکیوں کے لئے زمین خریدنے پر پابندی ہے مگر اوورسیز پاکستانیز دوہری شہریت رکھنے والے نہیں ہونے چاہئیں، وہ محبت وطن پاکستانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خصوصاً گوادر میں پلاٹس کی خریداری میں چائینز کے ساتھ بوجوہ انڈین بھارتی سرمایہ کار اور انڈین پراپرٹیز کا بزنس کرنے والے شامل ہو چکے ہیں اس لئے حکومت پاکستان اس بات کا خاص دھیان رکھے کہ کہیں چائینز اسٹیٹ ایجنٹس کے پلاٹس فروخت کرنے کی آڑ میں بھارتی سرمایہ کار اپنا ہاتھ نہ دکھا دیں اور پھر را کے ایجنٹ وہاں پر گھس نہ جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلیک سٹون مانچسٹر میں جنگ اور دیگر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اوورسیز پاکستایوں کو کنسورشیم بنا کر گوادر اور دیگر اہم مقامات پر پلاٹس خریدنے اور صنعتی ادارے قائم کرکے ملکی خوشحالی میں حصہ لینا چاہئے تاکہ پاکستان ترقی کر سکے۔