• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی باشندے کے قتل میں بھارت ملوث امریکا اقتصادی امداد نہیں روکے گا، احسن اقبال

نیویارک(نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیرِ داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ کراچی میں چینی باشندے کے میں بھارت ملوث ہے،اس نے سی پیک کو سبوتاژکرنے کیلئے نیٹ ورک تیار کررکھا ہے، امریکا پاکستان کو دی جانے والی اقتصادی امداد نہیں روکے گا،پاک امریکا تعلقات کم ترین سطح پر پہنچ چکے، اعتماد سازی کیلئے غیر معمولی اقدامات کرنیکی ضرورت ہے،ڈو مور کا مطالبہ مزید قبول نہیں ،دونوں ممالک میں قریبی تعاون کے بغیر افغان تنازعہ کاحل ممکن نہیں ،برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں احسن اقبال نےکہا کہ یہ بات ریکارڈ پر موجود ہے کہ ہمارا ہمسایہ ملک بھارت سی پیک منصوبے سے بلاوجہ خائف ہے، کراچی میں ہونے والی چینی باشندوں کی حالیہ ٹارگٹ کلنگ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی لگتی ہے،اس طرح کے بھارتی اوچھے ہتھکنڈوں سے پاک چین دوستی کمزور نہیں بلکہ مزید مضبوط ہو گی، ہم نے سی پیک کو لاحق سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سکیورٹی کیلئے تقریباً 10 ہزار سے زائد افراد پر مشتمل ایک خصوصی فورس تیار کی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ر یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ را ئو انوار کسی ریاستی ادارے یا سیاستدان کے پاس چھپے ہیں،بعد ازاں امریکی اخبار کو انٹرویومیں انہوں نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے دہشتگرد گروپوں کی حمایت کے الزامات کو دو ٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان نے بلاامتیاز تمام دہشت گردگروپوں کے خلاف کارروائی کی ہے، وزیر داخلہ نے کہاکہ ٹرمپ انتظامیہ کی حکمت عملی کی کامیابی کے لئے پاکستان کی شراکت داری اہم ہے، ہمارے لئے کوئی برااور اچھا دہشت گرد گروپ نہیں ،چین کی حالیہ سرمایہ کاری سے چین کے ساتھ اقتصادی اور کاروباری تعلقات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے تاہم امریکا اب بھی پاکستان کے لئے سب سے بڑی برآمدی مارکیٹ ہے۔ پاکستان چین اور امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات میں تعاون کے توازن کو برقرار رکھ رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان چاہتا ہے کہ امریکا کے ساتھ باہمی تعلقات میں بہتری پر مزید توجہ مرکوز کی جائے کیونکہ امریکا کی اصل طاقت ہتھیار نہیں بلکہ معیشت اور یونیورسٹیاں ہیں جس سے پاکستان نے ابھی اتنا فائدہ نہیں اٹھایا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان نے امریکا پاکستان نالج کوریڈور کے لئے فنڈز مختص کئے ہیں جس سے آئندہ دہائیوں میں 10ہزار پاکستانی امریکی یونیورسٹیوں میں پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کریں گے۔ امریکا کے لئے یہ بہترین موقع ہے کہ وہ وہاں تعلیم حاصل کرنے والوں میں اپنی اقدار کو فروغ دیں۔
تازہ ترین