راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)راولپنڈی سے کلرسیداں چلنے والی اے سی کوسٹرزمیں جیب تراشی کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا۔سابق وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان کے حکم پر عوام کی سہولت کے لئے خصوصی طورپرشروع کی گئی اے سی کوسٹرسروس کاعملہ بھی مبینہ طورپران وارداتوں میں ملوث ہے ۔بعض متاثرہ افرادنے الزام لگایاکہ کوسٹرمیں سیٹیں پُرہونے کے باوجود بڑی تعدادمیں سواریاں کھڑی کرلی جاتی ہیں اوراسی دوران جیب تراش مسافروں کی جیبوں پراپنے ہاتھ صاف کرتے ہیں۔چوک پنڈوری کے عزیزنے بتایاکہ وہ راولپنڈی میں ملازمت کرتاہے منگل کووہ راولپنڈی سے کوسٹرمیں سوارہواجس میں بیٹھنے کے لئے سیٹ نہ تھی لیکن اس کے باوجودڈرائیوراورکنڈیکٹرنے راستہ میں بیس سے پچیس مسافروں کوسوارکرالیاجس سے کوسٹرمیں بہت زیادہ رش ہوگیا۔دوران سفرٹی چوک سے چارپانچ افرادگاڑی میں سوارہوئے اورروات میں کوسٹرسے اترگئے وہاں سیٹ خالی ہونے پرمیں بیٹھ گیااوراسی اثنامیں اپنی جیب چیک کی تواس میں 13ہزار9سوروپے غائب تھے جوکسی جیب تراش نے میری جیب سے نکال لئے ،متاثرہ شخص نے بتایاکہ میں نے منگل کوہی اپنی تنخواہ نکلوائی تھی جوجیب تراش نے میری جیب سے نکال لی ،دوران سفرمیرے کندھے پرکسی نے گندگی پھینکی جسے میں اپنے رومال سے صاف کرنے لگا شائدجیب تراش نے ہاتھ دکھائے،انہوں نے کہاکہ جب گاڑی میں سیٹیں خالی نہیں توپھرسواریاں کیوں سوارکرائی جاتی ہیں اس بارے متعلقہ حکام نوٹس لیں ،اوراس بات کی بھی تحقیقات کرائی جائے کہ کیایہ وارداتیں ڈرائیوراورکنڈیکٹرکی ملی بھگت سے تونہیں ہورہیں ۔