لندن( مرتضیٰ علی شاہ) پاکستان کے وزیر داخلہ احسن اقبال میں لودھراں کے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ لودھراں میں ووٹرز نے عمران خان کی یوٹرن سیاست مسترد کردی ہے۔انھوںنے کہا کہ لودھراں کے ووٹرز نے پاکستان مسلم لیگ ن کو ملک کی ترقی اور استحکام کیلئے کام کامینڈیٹ دیاہے۔اور لودھراں میں پی ٹی آئی کی الزام تراشی اور منفی اور دھرنے کی سیاست کو شکست دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ لودھراں کے عوام امن اوراستحکام چاہتے ہیں، انھوں نے کہا کہ عمران خان نے خود کو عوام کے سامنے بے نقاب کرلیاانھوں نے اپنے ہر وعدے پریوٹرن لیاہے۔انھوں نے کہا کہ اب عوام صرف وعدے نہیں ترقی کاتسلسل چاہتے ہیں،انھوں نے دعویٰ کیا کہ نااہل قرار دیے جانے کے بعدنواز شریف کی مقبولیت میں اضافہ ہورہاہے۔جب ان سے پاکستان مسلم لیگ ن پر چوہدری نثار کی تنقید کے بارے میں پوچھا گیا تو کہا کہ وہ سینئر سیاستداں ہیں اور اپنی اچھا برا اچھی طرح سمجھتے ہیں،انھوں نے کہا کہ عمران خان نے انھیں پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دی ہے کیونکہ وہ ان کے کلاس فیلو تھے لیکن میں نہیں سمجھتا کہ چوہدری نثار مسلم لیگ ن کو خیرباد کہہ سکتے ہیں۔قبل ازیں انٹرنیشنل سٹریٹیجک سٹڈیز لندن میں مستقبل کے بارے میں پاکستان کے ویژن کے موضوع پر تقریر کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ دنیا سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے پاکستان نے حکومت کی پالیسیوں کے نتیجے میں گزشتہ چند سال کے دوران پاکستان نے زبردست سماجی واقتصادی ترقی کی ہے، انھوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے میں سنجیدہ ہے ، لیکن مودی حکومت کو قیام امن میں کوئی دلچسپی نہیں ہے،انھوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ مایوس کیاہے، اس نے ہماری امن کی کوششوں کاکوئی جواب نہیں دیا انھوںنے کہا کہ بھارت سمجھتاہے کہ وہ پاکستان کو دھمکا لے گا لیکن ہم بحیثیت قوم اس کی کبھی اجازت نہیں دیں گے یہ ہمارے لئے قطعی ناقابل قبول ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کااحترام کرنا چاہئے اورہمیں یہ سمجھنا چاہئے کہ ہمار ا یہ خطہ نقصان اٹھارہاہے۔انھوں نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کاغاصبانہ قبضہ پوری عالمی برادری کیلئے قابل تشویش ہے ،ہم نے بھارت سے مذاکرات کیلئے پلیٹ فارم تیار کیالیکن بھارت کی موجودہ حکومت کی ذہنیت یہ ہے کہ وہ پاکستان کو دھمکا لے گا،سی پیک کے حوالے سے انھوںنے سامعین کوبتایا کہ افغانستان سمیت بہت سے ملکوں نے اس میں دلچسپی ظاہر کی ہے ہم ان کے ساتھ رابطے قائم کرنے کیلئے کام کررہے ہیں انھوں نے کہا کہ چین اس خطے میں استحکام کیلئے اہم کردار ادا کرسکتاہے کیونکہ سرمایہ کاری اس خطے کی ضرورت ہے۔