• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مری غیرقانونی تعمیرات،حکومتی اہلکاروں کو غفلت پرسزاملنی چاہئے،چیف جسٹس

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ حکومتی اہلکاروں کو غفلت پر سزا ملنی چاہئے، عدالت عظمیٰ نے مری شہر میں بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مبینہ غیرقانونی تعمیرات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران قرار دیا کہ غیر قانونی تعمیرات سے متعلق نوٹس وصول کرنیوالے شہری مجاز اتھارٹی کے سامنے اپنا موقف پیش کریں ، عدالت نے ڈپٹی کمشنر کوغیر قانونی عمارات کی ملکیت کی بھی تصدیق حکم جاری کیا ہے ،چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز لااحسن پر مشتمل تین رکنی بنچ نے سماعت کی تو ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے رپورٹ پیش کی کہ بلدیہ مری کی جانب سے سروے کے بعد کل 140غیرقانونی عمارتوں کے مالکان کونوٹسز جاری کئے گئے ہیں جن میں سے 88 عمارتوں کے مالکان متعلقہ حکا م کے سامنے پیش ہوئے ہیں ، قواعد کے مطابق عمارتوں کی بلندی 20سے 30فٹ تک کرنیکی اجازت ہے ،جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا وہاں پر تو 8منزلہ عمارتیں بھی موجود ہیں،چیف جسٹس نے ڈی سی راولپنڈی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا جس دور میں یہ غیر قانونی تعمیرات کی گئیں اسوقت بھی وہاں پر کوئی حکومتی اہلکار تعینات ہونگے ، انہوں نے اپنے فرائض کیوں ادا نہیں کئے ؟ اگر ان میں سے کوئی ریٹائرڈ بھی ہوچکے ہیں تو بھی ان سب کو بھی کل عدالت میں طلب کرلیتے ہیں، آٹھ آٹھ منزلیں بنانے سے ایک دن سارا مری ہی گر جائیگا۔
تازہ ترین