لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ شہبازشریف ،نوازشریف کے بغیر زیرو ہیں ان کا سیاست میں نوازشریف کے بغیر کوئی رول نہیں ،نوازشریف آئندہ الیکشن میں ہونگے یا نہیں اس کا انحصار عدالتی فیصلے پر ہے،چوہدری شجاعت حسین اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال خان کے چچا رانا محمد نثار کے انتقال پر تعزیت کیلئے ان کی رہائش گاہ پھول نگر گئے، تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کب ہوں گے عینک لگا کر دیکھنا ہو گا، نوازشریف کا احتساب ایک ریٹائرڈ جج کر رہا ہے جبکہ میرا اور پرویزالٰہی کا احتساب تو جرنیلوں نے کیا، اگر عدالتوں نے نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا تو پھر عملدرآمد ضرور ہونا چاہئے۔