اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے پاکستان کو ’’گرے‘‘ لسٹ میں شامل کرنے کی کوئی بھی کوشش فائدہ مند ثابت نہیں ہوگی،انہوں نے گزشتہ روزاپنے نارویجن ہم منصب سلویا لیستوگ اور اسٹیٹ سیکرٹری ہیلورسین سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اورقربانیوں کو اجاگرکرتے ہوئے پیرس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے مجوزہ اجلاس میں ناروے کی جانب سے پاکستان کی حمایت پر زوردیا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے پاکستان کو ’’گرے‘‘ لسٹ میں شامل کرنے کی کوئی بھی کوشش فائدہ مند ثابت نہیں ہوگی اور انتہا پسندی ودہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت پاکستان کی جانب سے کئی گئی کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔بعد ازاں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ناروے میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ ابھرتے ہوئے پاکستان کے سفیر کے طور پر کردار ادا کریں۔