• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک چین انوسٹمنٹ کارپوریشن گوادر میں انٹرنیشنل پورٹ سٹی قائم کریگی

لندن( جنگ نیوز) چین کی ایک بڑی سرمایہ کار کمپنی پاک چین سرمایہ کاری کارپوریشن کو گوادر میں 3.6ملین مربع فٹ اراضی پر ایک انٹرنیشنل پورٹ سٹی قائم کرنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔ اس اجازت کااعلان چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کے تیار کردہ گوادر فری زون کے پہلے فیز کے افتتاح کے موقع پر کیاگیا ،فری زون کے قیام کاکام ریکارڈ مدت میں مکمل کیاگیا اور مختلف کاروبار کرنے والی کم وبیش30کمپنیوں نے جن میں ہوٹلز، بینک، لاجسٹکس اورمچھلی کی پراسیسنگ کرنے والی کمپنیاں شامل ہیں اس زون میں مجموعی طورپر کم وبیش 247.3ملین ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کررہی ہیںتوقع ہے کہ یہ کمپنیاں پوری طرح کام شروع کرنے کے بعد سالانہ 790.5ملین ڈالر مالیت کا کاروبار کریں گی۔حکام کو توقع ہے کہ اس سال کے آخر تک گوادر پر کارگو ہینڈلنگ کی گنجائش 1.2 ملین ٹن بڑھ جائے گی اور2022تک یہ 13ملین ٹن کارگو کی پراسیسنگ کرنا شروع کردے گا گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین دوستین جمال دینی کا کہناہے کہ اس طرح یہ جنوبی ایشیا کی سب سے بڑی بندرگاہ بن جائے گی۔چینی سرمایہ کاروں کاکہناہے کہ انھیں صرف فری زون میں کام کیلئے 2023 تک کم وبیش 38ہزار ہنر مند ورکرز کی ضرورت ہوگی۔انھوں نے بتایا کہ فی الوقت یہاں ڈھائی ہزار افراد کام کررہے ہیں جن میں کم وبیش500چینی ورکرز بھی شامل ہیں،انٹرنیشنل پورٹ سٹی گوادر کی ترقی کاایک نیا مرحلہ ہوگا ۔پاک چین انوسٹمنٹ کارپوریشن کارپوریٹ کمیونی کیشن ڈائریکٹر ہائو یہ چنگ کا کہناہے کہ گوادر فری زون کے قیام سےیہ ظاہرہوگیا ہے کہ گواد شینزن کے نقش قدم پر گامزن ہے جہاں تاریخی اعتبار سے آبادی میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور 1980میں 30ہزار نفوس پر مشتمل اس شہر کی آبادی اب ایک کروڑ10لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔گوادر میں بھی نئی کمپنیوں کے قیام کے ساتھ ہی آبادی میں بے پناہ اضافہ ہونے کی توقع ہے، انھوں نے کہا کہ ہم اس آبادی کو سوشل انفراسٹرکچر فراہم کریں گے۔پاک چین سرمایہ کاری کارپوریشن نے اپنی اسکیم کے منصوبے کو ترقی کے بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کیلئے اس پر نظر ثا نی کی ہے۔حکومت نے اس کی مکمل توثیق کی ہے گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے اس کیلئے این او سی جاری کردیاہے،150 ملین ڈالر کی لاگت سے تعمیر کی جانے والی اس گیٹیڈ کمیونٹی میں جدید ترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی جن میں اوپن ایئر شاپنگ بولیوارڈ،انڈور شاپنگ مال ،ریسٹورنٹس اورہوٹلز شامل ہوں گے، اس میں ایک انٹرنیشنل سکول اور نرسری ،6کمیونٹی پارکس اور انڈور اور آئوٹ ڈور کھیلوں کی سہولتیں حاصل ہوں گی جن میں ٹینس کورٹس ، رہائشی لوگوں کیلئے جمنازیم، کھارے پانی کو صاف کرنے کاپلانٹ اور ری سائیکلنگ سینٹر شامل ہوگا ۔
تازہ ترین