• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کیخلاف تحریک عدم اعتماد لا رہے ہیں، پی پی اراکین کی پریس کانفرنس

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ حفیظ الرحمان کیخلاف اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک لا رہے ہیں۔ تحریک میں اپوزیشن پارٹیوں سمیت (ن) لیگ کے اسمبلی ممبران بھی ساتھ دے رہے ہیں۔ (ن) لیگ نے ہمارے آئینی و قانونی حقوق پامال کئے، گلگت بلتستان کونسل ختم، سی پیک میں جی بی کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا، نواز شریف نااہل ہونے کے بعد ریاستی اداروں سے ٹکرائو چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پی پی پی گلگت بلتستان کے رہنمائوں سابق وزیراعلیٰ سید مہدی شاہ، ممبر گلگت بلتستان اسمبلی جاوید حسین، نائب صدر پیپلز پارٹی جی بی بشیر احمد خان، سیکرٹری انفارمیشن پی پی ضلع نگر ذوالفقار علی مراد، جنرل سیکرٹری پی پی پی انجینئر اسماعیل اور سیکرٹری انفارمیشن پی پی پی سعدیہ دانش نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ جی بی نے بدعنوانی کی انتہا کر دی ہے۔ نیب بھی ایک ماتحت ادارہ ہے، گلگت بلتستان کونسل جو کہ وفاق اور جی بی حکومت کے درمیان ایک پل کی حیثیت رکھتا تھا، اسے ختم کر دیا گیا۔ گلگت بلتستان کونسل کو ختم کر کے کیا حکومت کے پاس کوئی اور متبادل راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک اور جی بی کونسل بغیر کسی مشاورت کے ’’ون مین شو‘‘ کی طاقت آزما گیا، جو کہ ناقابل قبول عمل ہیں۔ اس عمل کیخلاف ہم سارے اپوزیشن جماعتوں سمیت پی ایم ایل این رہنما ایک پیج پر ہیں اور اسمبلی میں عدم اعتماد لا رہے ہیں۔ پی پی پی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان ہر لحاظ سے پیچھے ہے، صحت، تعلیم، کمیونی کیشن کے ذرائع نہ ہونے کے برابر ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمیں سی پیک میں نمائندگی اور الگ صوبے کے قیام کیلئے وفاقی حکومت عملی اقدامات اٹھائے۔
تازہ ترین