کوئٹہ(پ ر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ کم وقت میں زیادہ سے زیادہ مسائل حل کرنا ہو گے۔ میڈیا مسائل کی نشاندہی کرے جلد چمن کا دورہ کرونگا یہ باتیں انہوں نے چمن پریس کلب کے وفد سے بات چیت میں کہی۔ وفد میں صدر اخترگلفام جنرل سیکرٹری نورزمان اچکزئی اور سیکرٹری فنانس نعمت اللہ سرحدی شامل تھے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحافی اپنے قلم کی طاقت کے ذریعے کسی بھی واقعہ کو عوام کے سامنے پیش کرتے ہیں جمہوریت کی بحالی میں صحافیوں کا کردار ناقابل فراموش ہے، وہ تمام صحافی جن کے قلم سے جمہوریت کو تقویت ملی قابل تحسین ہیں، صحافی برادری ہر اس چیز کی نشاندہی کریں جو ملکی تشخص کو دنیا میں اجاگر کرے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ہمارا آئینہ ہے چمن میں میڈیا نے ہمیشہ مثبت رول ادا کیا ہے چمن کو اپنا گھر سمجھتا ہوں۔ انہوں نے چمن پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی چمن پریس کلب کا دورہ کرونگا اور درپیش مسائل کو حل کرانےکی ہر ممکن کوشش کرونگا ۔انہوں نے کہا کہ چمن ایک اہم سرحدی تجارتی شہر ہے جس کی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا میں بڑی اہمیت ہے اس موقع پر وزیراعلیٰ نے چمن پریس کلب اور صحافیوں کو درپیش مسائل سے متعلق پیش کی جانے والی گزارشات پر فوری عملدرآمد کا حکم دیا اور کہا کہ بعض دیگر مسائل کے حل کےلئے چمن آ کر اعلان کرونگا۔ اس موقع پر ایم پی اے انجینئر زمرک خان اچکزئی بھی موجود تھے۔