• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لارڈ قربان حسین کا پاک بھارت فوجی صورتحال پر اظہار تشویش

لندن (سعید نیازی) لارڈ قربان حسین نے پاک بھارت فوجی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انہوں نے اس صورتحال پر پارلیمنٹ میں سوالات کئے جس میں حکومت سے استفسار کیا کہ وہ صورتحال کو کس طرح دیکھ رہی ہے۔ تاہم یہ دیکھ کر بڑے مایوس ہوئے کہ جوابات کافی ریڈی میڈ ہیں جو ہمیں برسوں سے مل رہے ہیں۔ برطانوی حکومت دو بڑی فوجی طاقتوں کے درمیان تیز ہوتی ہوئی صورتحال پر تویش ظاہر نہیں کررہی، ان کے سوالات کے جوابات لارڈ طارق احمد آف ومبلڈن نے برطانوی فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس کی جانب سے دیئے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت کو کشمیر میں دہشت گردی اور بھارتی اور پاکستانی فوجوں میں تشدد میں اضافے پر فطری تشویش ہے۔ ہم صورتحال کو قریب سے دیکھ رہے ہیں اور دونوں فریقوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیں۔ سوال کیا گیا تھا کہ حکومت نے کشمیر کے علاقے میں لائن آف کنٹرول پر پاکستان اور بھارت کی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں حالیہ اضافے پر کیا اندازہ لگایا ہے جس میں متعدد سویلین ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ لارڈ قربان حسین نے دوسرا سوال کیا تھا کہ برطانوی حکومت لائن آف کنٹرول پر فوجوں میں کمی اور کشمیر کے تنازع کے مستقل اور پرامن حل کو سپورٹ کرنے کیلئےکیا اقدام اٹھا رہی ہے، جس پر لارڈ احمد آف ومبلڈن نے جواب دیا کہ برطانیہ کا دیرینہ موقف ہے کہ بھارت اور پاکستان کشمیری عوام کی امنگوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے کشمیر کی صورت حال کا دیرینہ سیاسی حل تلاش کریں۔ ہم بھارت اور پاکستان کی مثبت مذاکرات اور اچھے تعلقات برقرار رکھنے کے لیے حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ بہرحال پیش رفت کی رفتار طے کرنا دونوں پر منحصر ہونا چاہئے۔
تازہ ترین