• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان سلطانز نے افتتاحی میچ میں پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ملتان نے 152 رنز کا ہدف 3 وکٹ کے نقصان پر 19 اعشاریہ 1 اوور میں حاصل کیا۔

ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کا آغاز کچھ اچھا نہیں تھا، ملتان کی پہلی وکٹ 7 کے مجموعی اسکور پر گری، احمد شہزاد بغیر کوئی رن بنائے وہاب ریاض کا شکار بنے۔

ملتان کی دوسری وکٹ 54 کے مجوعی اسکور پر گری جب صہیب مقصود 21 رنز بنا کر محمد اصغر کا نشانہ بنے۔

ملتان کو تیسری وکٹ کا نقصان کمار سنگاکارا کی شکل میں اٹھانا پڑا جب ان کی وکٹ 106 کے مجموعی اسکور پر گری، کمار سنگاکارا 57 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر وکٹ کیپر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

پشاور زلمی کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی جیت میں کمار سنگاکارا، کپتان شعیب ملک اور کیرون پولارڈ نے ذمیدارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب57،  42، 21 رنز بنا کر نمایاں کردار ادا کیا۔

اس سے قبل پشاور زلمی نے ملتان سلطان کو جیت کیلئے152رنز کا ہدف دیا تھا، پشاور زلمی کی جانب سے محمد حفیظ 59، ڈیوان اسمتھ 24 اور ڈیرن سیمی 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ملتان سلطانز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 151رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، ملتان سلطان جس کا اس ایونٹ میں پہلا میچ تھا اس نے شاندار آغاز کیا اور ابتداء میں ہی پشاور زلمی کی 2 وکٹیں صرف 22 رنز پر حاصل کرلیں تاہم اس موقع پر محمد حفیظ 59 اور ڈیوان اسمتھ 24 اسکور کے ساتھ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کو سنبھالا لیا۔

محمد حفیظ کے آئوٹ ہونے کے بعد کپتان ڈیرن سیمی نے بھی انتہائی جارحانہ انداز میں بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 11 گیندوں پر 29 رنز کی برق رفتار اننگ کھیلی اور اپنی ٹیم کا مجموعہ151رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ملتان سلطان کی جانب سے محمد عرفان نے2،سہیل تنویر،عمران طاہر ،ہارڈس ولجوئین اور جنید خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کے لیے ملتان سلطانز کی ٹیم کمار سنگاکارا (وکٹ کیپر)، احمد شہزاد، شعیب ملک (کپتان)، کیرون پولارڈ، صہیب مقصود، سیف بدر، سہیل تنویر، ہارڈس ولجوئین، محمد عرفان، عمران طاہر اور جنید خان پر مشتمل ہے۔

جبکہ پشاور زلمی کی ٹیم وکٹ کیپر کامران اکمل، تمیم اقبال، ڈوئن اسمتھ، محمد حفیظ، حارث سہیل، حماد اعظم، ڈیرن سیمی (کپتان)، کرس جورڈن، وہاب ریاض، ابتسام شیخ اور محمد اصغر شامل ہیں۔

تازہ ترین