کراچی (نیوز ڈیسک) پی ایس ایل افتتاحی میچ، ملتان سلطان نے پشاور زلمی کو اپ سیٹ شکست دے دی۔محمد عرفان کی عمدہ بالنگ ، کمارا سنگاکارا کی ففٹی اور شعیب ملک کی عمدہ بیٹنگ کے سبب ملتان سلطان نے فتح اپنے نام کرلی۔تفصیلات کے مطابق،پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے افتتاحی میچ میںملتان سلطان نے اپ سیٹ کرتے ہوئے،دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کو7 وکٹوں سے شکست دے دی۔پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں6وکٹوں کے نقصان پر 151رنز بنائے ۔محمد حفیظ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 59رنز کی اننگز کھیلی۔جب کہ ملتان سلطان کی جانب سے محمد عرفان نے عمدہ بالنگ کرتے ہوئے 19رنز کے عیوض 2وکٹیں حاصل کیں۔پشاور زلمی ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی ، جب کامران اکمل بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوگئے۔تاہم حفیظ کی ففٹی اور کپتان ڈیرن سیمی کے29رنز کے سبب ملتان سلطان کو 152رنز کا ہدف ملا۔جواب میں ملتان سلطان کا آغاز بھی متاثرکن نہیں تھا، احمد شہزاد بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے ، تاہم اس کے بعد کمارا سنگاکارا اور صہیب مقصود نے پراعتماد انداز سے اننگز کو آگے بڑھایا، صہیب مقصود 21رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔تاہم اس کے بعد سلطان ملتان کے کپتان شعیب ملک نے پراعتماد انداز سے سنگاکارا کا ساتھ دیا۔سنگاکارا 57رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر آئوٹ ہوئے۔جس کے بعد شعیب ملک اور کیرن پولارڈ نے ملتان سلطان کو آخری اوور کی پہلی ہی گیند پر جیت سے ہمکنار کردیا۔شعیب ملک 42 جب کہ پولارڈ 21رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے 19رنز کے عیوض 2، جب کہ محمد اصغر نے 18رنز کی عیوض 1وکٹ حاصل کی۔کمارا سنگا کارا کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔