• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنٹرول لائن پر شہری کی شہادت، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب، سخت احتجاج

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) پاکستان نے جمعرات کوکنٹرول لائن کے راولاکوٹ سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید ہوگیا ہے۔ بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو جمعرات کے روز دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور ان سے سخت احتجاج کیا گیا۔ ایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہاکہ ضبط و تحمل کی اپیل کے باوجود بھارت جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج نے اس سال اب تک کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر تین سو اکا نو ے بار جنگ بندی خلاف ورزیاں کی ہیں جن کے نتیجے میں سولہ بے گناہ شہری شہید اور پینسٹھ زخمی ہوئے۔ ترجمان نے کہاکہ شہری آبادی والے علاقوں کو جاں بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے اور انسانی وقار، عالمی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کے منافی ہے، بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں علاقائی امن اور سلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔
تازہ ترین