دبئی ( جنگ نیوز ) کمار سنگاکارا اور شعیب ملک نے مسلسل دوسرے میچ میں بہترین بیٹنگ کی بدولت ملتان سلطانز کو پی ایس ایل تھری میں اپنے دوسرے میچ میں بڑا مجموعہ بنانے میں مدد دی۔ ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔ کمار سنگا کارا نے 63، شعیب ملک نے 48اور احمد شہزاد نے 38رنز کی اننگز کھیلیں۔ لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میک کولم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز کو پہلا نقصان گیارہویں اوور میں ہوا جب احمد شہزاد 38 رنز بنا کر مستفیض الرحمان کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی صہیب مقصود تھے جو یاسر شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ کمارا سنگا کارا نے ایک بار پھر شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 44 گیندوں پر 63 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر مستفیظ الرحمان کا شکار بنے۔ کیرون پولارڈ بغیر کوئی رن بنائے جب کہ شعیب ملک 48 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے مستفیض الرحمان نے 2 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی جب کہ ملتان سلطانز کے دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔