ٹھٹھہ (نامہ نگار) سندھ کے پندرہ ہزار ڈاکٹروں کو اگلے گریڈ میں ترقی نہ ملنے کے خلاف سندھ ڈاکٹرز اتحاد کی کال پر ڈاکٹر یوسف میمن، ڈاکٹر قمرالدین بارن، ڈاکٹر ذوالفقار، ڈاکٹر عارف اعوان، ڈاکٹر اقبال میمن، ڈاکٹر لچھمن داس، ڈاکٹر فضل و دیگر کی قیادت میں سول اسپتال مکلی میں تعینات ڈاکٹروں نے لگاتار ساتویں روز بھی دو گھنٹے اسپتال کی او پی ڈی کا بائیکاٹ کرکے اسپتال کے باہر دھرنا دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود محکمہ صحت کی جانب سے سندھ کے پندرہ ہزار ڈاکٹرز کو اگلے گریڈ میں ترقی نہیں دی جا رہی ہے جس کے خلاف گذشتہ بارہ دنوں سے ہمارے ساتھی ڈاکٹرز کراچی پریس کلب کے سامنے تامرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں لیکن حکومتی نمائندے ہماری بات سننے کو تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے تمام ڈاکٹروں کو ترقی دی جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ بڑھا کر سندھ کے تمام اضلاع کے ڈاکٹرز بھوک ہڑتال کریں گے۔