سکھر (بیورو رپورٹ) تحریک انصاف ضلع سکھر کے سینئر نائب صدر حاجی محمد جاوید میمن نے سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے پی پی کے جھنڈے اور بینرز لگانے کیلئے سرکاری گاڑیوں کے بے دریغ استعمال کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت سے خوفزدہ ہوکر شہر سے منتخب نمائندے ، میئر سکھر بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں، کل تک شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے نام پر میئر سکھر کی جانب سے پی ٹی آئی کے جھنڈے، پوسٹرز ، پینافلیکس اتارے گئے تھے اور آج وہی سرکاری گاڑیاں پی پی کے جھنڈے اوربینرز لگا رہی ہیں جوکہ انتقامی کارروائیوں کی واضح مثال ہے۔ حکومت اور انتظامیہ کتنی بھی سازشیں کر لے انشاء اللہ 2018ء کے انتخابات میں تحریک انصاف واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے کرپٹ سیاستدانوں کا کڑا احتساب کرے گی۔ وہ اپنے دفتر میں پی ٹی آئی رہنماؤں دوا خان، زبیر کریم،منظور چوہان، شعبان میرانی، غلام حیدر راجپوت، اسلام نور، شاہد سندھو،محمد علی، امداد جھنڈیر، عدنان انصاری و دیگر رہنماؤں سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر کے مکین پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی، صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال، صحت و تعلیم کی سہولتوں کے فقدان سمیت بے پناہ مسائل میں گھرے ہوئے ہیں، شہر سے منتخب نمائندوں نے عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے سرکاری اداروں کو بھی تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے، سکھر میں بلاول بھٹو کی آمد کے موقع پر سرکاری گاڑیوں اور وسائل کا بے دریغ استعمال کیا گیا جس پر لاکھوں روپے کے اخراجات آنے کی وجہ سے سکھرمیونسپل کارپوریشن کے خزانے کو شدید نقصانہ پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام باشعور ہو چکی ہے، انشاء اللہ آئندہ انتخابات میں ملک کے دیگر حصوں کی طرح سکھر سے بھی مفاد پرست عناصر کا صفایا ہو جائے گا۔ اور پاکستان تحریک انصاف واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے عوامی مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے گی۔انہوں نے نیب اوردیگر تحقیقاتی اداروں سے مطالبہ کیا کہ پی پی کے پارٹی پرچم اور بینرز لگانے کیلئے سرکاری گاڑیوں کے استعمال کا نوٹس لیکر اس خلاف تحقیقات کی جائیں۔