کراچی (جنگ نیوز) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے پاک چین ثقافت کا بھی تبادلہ ہوگا، فلم اور ثقافت کے بارے میں پاکستان کی پہلی قومی پالیسی کا آج اعلان اسلام آباد میں کیا جائیگا۔ وہ اتوار کو پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں سی پیک کلچرل کاروان فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری ایک خطہ ایک سڑک ویژن کا قومی منصوبہ ہے جو خطے میں ترقی اور خوشحالی یقینی بنائیگا، یہ فیسٹیول فن وثقافت کے تین روزہ میلے کا حصہ ہے جو گزشتہ روز شروع ہوا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری فیسٹیول چین اور پاکستان کی ثقافت اور ورثہ ایک اسکرین پر دکھانے کا باعث بنا، پاک چین دوستی باہمی احترام اور محبت پر مبنی ہے اور یہ ہماری تاریخ کا خوشگوار حصہ ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ پاکستان اورچین کے درمیان ثقافتی معاہدے پردستخط ایک منفرد موقع ہے اوراس سے کئی شعبوں میں تجربات اورمہارت کاتبادلہ یقینی بنایاجاسکے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان شنگھائی فلم فیسٹیول میں شریک ہوگا ، چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ملکوں کے درمیان ہم آہنگی کا باعث ہے۔ فیسٹیول میں شریک فنکاروں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ فنکاروں نے پاکستان کے حقیقی تشخص اور اسذ کی بھرپور ثقافت کو اجاگر کرکے خود کو امن کے اصل سفیر کے طور پر منوایا ہے۔