• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہلم میں ریلوے پل تباہ کرنے کی سازش ناکام، خودکش حملہ آور نے خود کو اڑالیا

جہلم(نامہ نگار)تحصیل سوہاوہ ضلع جہلم میں ڈومیلی موڑ کے قریب ریلوے پل کی پرانی سڑک پر کار نمبری ایل ای یو 5203 کھڑی تھی جس کے ڈرائیور کو مشکوک جان کر قریبی موجود آبادی کے لوگوں نے موٹر وے پولیس کے ڈی ایس پی کو اطلاع دی جس پر وہ فی الفو ر نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گیا، اس دوران خود کش بمبار نے دو بچوں کو یرغمال بنا لیا اور نیچے پہاڑی سے اتر کر ریلوے ٹریک پر پہنچ گیا ۔ واقعہ کی اطلاع پر ڈی پی او اور ڈی سی او ایلیٹ فورس و پولیس فورس کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے جبکہ اس دوران خود کش بمبار نے پولیس پارٹی پر فائرنگ اور ہینڈ گرنیڈ پھینکنے شروع کر دئیے اور نیچے پہاڑی علاقے میں روپوش ہونے لگا ،پولیس کی جوابی فائرنگ سے خوش کش بمبار نے خود کش جیکٹ کو اڑانے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکا اور ہینڈ گرنیڈ سے خود کو اڑا لیا ۔سپیشل برانچ اور حساس اداروں نے گاڑی میں موجود خود کش جیکٹ کو ناکارہ بنادیا ۔ گاڑی سے کلاشنکوف کے750رائونڈ، الیکٹرک تار 500میٹر ،ریموٹ کنٹرول ڈیوائس ، ڈیٹونیٹر تار 7عدد ،تین پسٹل، یو ایس بی اور 12500روپے کی رقم برآمد ہوئی جبکہ خود کش بمبار کے شناختی کارڈ کیمطابق اس کا نام محمد عزیر ولد محمد شفیع تھا اور اس کا مستقل پتہ سرائے عالمگیر جبکہ موجودہ پتہ پریڈ گرائونڈ راولپنڈی تھا ۔ دہشت گرد کا ٹارگٹ ریلوے پل تھا جس پر9بجے مسافر ٹرین نے گزرنا تھا۔دریں اثناء جہلم میں ریلوے ٹریک اڑانے والے خودکش حملہ آور کی شناخت ہو گئی ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق خود کش حملہ آور کا نام عزیر احمد ہے ،جو پریڈ لائن راولپنڈی کارہائشی ہے۔حساس اداروں کو خود کو اڑانے والے حملہ آور کا شناختی کارڈ بھی مل گیا ہے موقع سے مزید بارودی مواد اور رقم بھی برآمد ہوئی ۔ خود کش حملہ آور کے پاس 17گرنیڈ ،نائن ایم ایم پسٹل اور یو ایس بی ڈیوائس بھی تھی۔
تازہ ترین