وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ شہبازشریف پہلے بھی کئی مرتبہ چوہدری نثار سے متعلق گتھی سلجھا چکے ہیں، اس بار بھی سلجھالیں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کچھ چیزوں کو عوام کے سامنے لانا پارٹی میں اچھا نہیں سمجھا جاتا ہے، چوہدری نثار ہر معاملے میں ساتھ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے فیصلہ ہوا تھا نواز شریف کی ریلی موٹروے سے جائیگی اور جگہ جگہ استقبال ہوگا، چوہدری نثار نے شہبازشریف کو زور دے کر منوایا کہ ریلی جی ٹی روڈ سے نکالی جائے جبکہ ہمارا خیال تھاکہ جی ٹی روڈ پر سیکیورٹی میں مشکلات ہوں گی ۔
وزیر قانون پنجاب نے یہ بھی کہا کہ جب پارٹی نے جی ٹی روڈ سے ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا تب ایجنسیوں نے بتایا کہ دہشت گردی کا خطرہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف سمیت پوری پارٹی قیادت ہی اجلاسوں میں نواز شریف کے بیانیے پر بولتی ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے کبھی نوازشریف کے بیانیے سے انحراف نہیں کیا، لوگ نے اس بیانیے کو قبول کرلیا ہے۔