• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا راہیں جدا ہوگئیں،چوہدری نثار کی اجلاس سے غیرحاضری پر چہ میگوئیاں

Todays Print

اسلام آباد (ایجنسیاں )مسلم لیگ (ن)کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارکی غیر حاضری پر یہ چہ مگوئیاں شروع ہوئی ہیں کہ کیانوازشریف اور چوہدری نثار میں راہیں جدا ہوگئی ہیں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف نے تین دہائیوں کے دیرینہ ساتھی چوہدری نثار کو بیانیے کی مخالفت اور اداروں سے ٹکراؤ نہ اپنانے کے تناظر میں راستہ جدا کر لیا‘ نواز شریف کی خصوصی ہدایت پرچوہدری نثار کومرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں دعوت بھی نہیں دی گئی جبکہ شہباز شریف، ایاز صادق اور خواجہ سعد رفیق نے نواز شریف کو منانے کی بھرپور کوشش کی مگر وہ چوہدری نثار کو اجلاس میں مدعوکرنے پرتیارنہ ہوئے‘یہ تینوں رہنما رات گئے تک نواز شریف کو منانے کی کوشش کرتے رہے مگر نواز شریف نے کہا کہ جس موقف کی عوام نے حمایت کی اس سے اختلاف کرنے والے کیلئے جگہ نہیں، عوام نے میرے بیانیے کی بھرپور حمایت کی جبکہ چوہدری نثار نے سرعام میرے بیانیے کی مخالفت کی اس لیے ایسا نہیں ہو سکتا کہ مخالفت بھی کی جائے اور اس کو اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی جائے۔ ادھر چوہدری نثار نے نواز شریف کے مبینہ بیان پر تفصیلی جواب ایک دو روز میں دینے کا اعلان کردیا‘ چوہدری نثار کے ترجمان نے گزشتہ روز جاری بیان میں کہاہےکہ چوہدری نثار نواز شریف کے مبینہ بیان پر ایک دو روز میں موجودہ صورتحال پر تفصیلی بیان دیں گے ۔ دوسری جانب سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے چوہدری نثار سے متعلق نواز شریف سے منسوب میڈیا پر چلنے والے بیان کو من گھڑت قرار دے دیا ہے۔میڈیا پر چلنے والی خبروں میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نواز شریف نے چوہدری نثار سے راہیں جدا کر لی ہیں۔ نواز شریف سے متعلق دعوی ٰکیا گیا کہ انہوں نے کہا ہے کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ ان کا بیانیہ عوام میں مقبولیت حاصل کرے لیکن پارٹی کا کوئی رہنما اس کی مخالفت کرے۔ اس بیان کے حوالے سے اب نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔ مریم نواز کا کہنا ہے کہ چوہدری نثارسے متعلق نواز شریف سے منسوب میڈیا پر چلنے والا بیان من گھڑت ہے۔ نواز شریف نے چوہدری نثار سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا۔دریں اثناءپاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کے دوران سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ (ن) کے بانی رکن چوہدری نثار علی خان کے خلاف نہ تو کوئی بات ہوئی اور نہ ہی اختلاف کا تاثر پایا گیا ،وہ بحیثیت چیئرمین اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ شہباز شریف کے قائم مقام صدر انتخاب کے بعد مریم نواز نے سٹیج پر جاکر شہباز شریف کو مبارکباد دی اور ان سے پیار لیا۔

تازہ ترین