کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کی ڈویژن بینچ نے فیصل صالح حیات گروپ کو پاکستان فٹبال فیڈریشن کا چارج سنبھالنے کا حکم دے دیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے دورکنی بنچ نے سنگل بنچ کا 30 جون 2015 کا فیصلہ کالعدم قرار دےدیا۔ اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات غیرقانونی قرار دے کر جسٹس(ر) اسد منیر کوایڈمنسٹریٹر پی ایف ایف مقرر کیا تھا۔ عدالت نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کوپی ایف ایف میں قسم کی مداخلت سے روک دیا گیا ہے۔ فیصلے کے بعد فیفا کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی بھی ختم کئے جانے کا امکان روشن ہوگیا ہے۔ دریں اثنا جنگ سے گفتگو میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) احمد یار خان لودھی کا کہنا تھا کہ آج پاکستانی فٹ بال کا تاریخ ساز دن ہے۔ فیفا فٹ بال ہائوس لاہور کا قبضہ ایک دو روز میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن (فیصل صالح حیات) کو مل جائے گا۔افسوس ہے کہ پاکستانی فٹ بالرز کے تین سال ضائع ہوئے اور عالمی فٹ بال میں ہمارا کتنا بڑا نقصان ہوا ہے اس اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔ عدالت نے ہماری حق و سچ پر مبنی درخواست پر جو فیصلہ دیا ہے وہ پاکستانی فٹ بال تباہ کرنے والی قوتوں کیلئے نشان عبرت بنے گا۔2015 میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات آئین و قانون کے مطابق کرائے تھے لیکن حکومت کی آشیر باد سے فٹ بال ہائوس پر قبضہ کرکے کھلاڑیوں عالمی سطح پر مقابلوں سے محروم کیا۔ فیڈریشن کے سینئر نائب صدر سید خادم علی شاہ کا کہنا تھا کہ تین سال میں پاکستانی فٹ بال کی تباہی کا حساب لیا جائے۔ آج کا دن بہت مبارک ہے۔