رحیم یار خان کے قریب کوئلہ لے جانے والی مال گاڑی کی 5بوگیاں الٹ گئیں۔ حادثے کے بعد بوگیاں ہٹانے اور ڈاؤن ٹریک کی بحالی کا کام جاری ہے، اپ ٹریک بحال کرکے ٹرینوں کی آمدورفت بحال کر دی گئی ۔
ریلوے ذرائع کے مطابق کوئلے سے بھری مال گاڑی کراچی سے داؤد خیل جارہی تھی کہ رحیم یار خان سے ترنڈہ کے درمیان ٹریک کی پلی بیٹھ جانے سے مال گاڑی کی کی 5 بوگیاں الٹ گئیں اور کچھ ٹریک سے اترگئیں ۔
حادثے کے باعث اپ اور ڈاؤن ٹریک پرریلوے ٹریفک معطل ہوگئی۔ خانیوال اور روہڑی سے ریلیف ٹرینوں نے پہنچ کر بوگیاں ہٹانے کا کام شروع کردیا ہے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق امدادی ٹیموں نے اپ ٹریک کو کلیئر کرکے ٹرینوں کی آمدورفت بحال کردی ہے جبکہ ڈاؤن ٹریک سے بوگیاں ہٹانے کا کام جاری ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ بوگیاں ہٹانے کے باوجود ڈاؤن ٹریک کی بحالی میں وقت لگ سکتا ہے۔