لاہور ( نمائندہ جنگ ) مونس الٰہی نیب لاہور میں دوبارہ پیش ہو گئے جبکہ عبد العلیم خان ریکارڈ سمیت آج،چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی کو بھی 6 مارچ کو صبح 10 بجے طلب کر لیا گیا، مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما مونس الٰہی سے گزشتہ روز نیب حکام نے آف شور کمپنیوں کے حوالے سے ایک گھنٹے تک پوچھ گچھ کی ، نیب لاہور نے مونس الہی کو پاناما لیکس میں 2 آف شور کمپنیاں سامنے آنے پر تفتیش کیلئے طلب کیا تھا، نیب حکام نے مونس الٰہی سے کچھ دستاویزات بھی طلب کیں جبکہ انہیں سوالنامہ بھی دیا گیا ،نیب پیشی کے حوالے سے مونس الٰہی نے کہا کہ میرا دامن صاف ہے انہیں نیب نے ایک دن کے نوٹس پر بلایا اور وہ پیش ہو گئے ، پہلے کی طرح آج بھی نیب کے تمام سوالات کے جواب دئیے،ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں، آئندہ بھی نیب نے بلایا تو جائوں گا، اس سے قبل بھی مونس الٰہی 30 جنوری کو نیب کے سامنے پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرا چکے ہیں۔